اسم نکرہ
وہ اسم جو غیر معین شخص یا شے (اشخاص یا اشیا) کے معانی دے اسم نکرہ کہلاتا ہے۔
اسم نکرہ کی اقسام
- اسم ذات
- اسم حاصل مصدر
- اسم حالیہ
- اسم فاعل
- اسم مفعول
- اسم استفہام
اسم ذات
وہ اسم جس میں ایک چیز کی حقیقت یا اصلیت کو دوسری چیز سے الگ سمجھا جائے اسم ذات کہلاتا ہے۔
مثالیں
قلم، دوات، صبح، شام، ٹیلی فون، میز، پروانہ، شمع، بکری، گائے، مسجد، کتاب، کمپیوٹر وغیرہ۔
اسم تصغیر
وہ اسم جس میں کسی نام کی نسبت چھوٹائی کے معنی پائے جائیں اسم تصغیر کہلاتا ہے۔
مثالیں
گھر سے گھروندا، بھائی سے بھیا، دُکھ سے دُکھڑا، پنکھ سے پنکھڑی وغیرہ۔
اسم مکبر
وہ اسم جس میں کسی چیز کی نسبت بڑائی کے معنی پائے جائیں اسم مکبر کہلاتا ہے۔
مثالیں
لاٹھی سے لٹھ، گھڑی سے گھڑیال، بات سے بتنگڑ، راہ سے شاہراہ وغیرہ۔
اسم ظرف
اسم ظرف اُس اسم کو کہتے ہیں جو جگہ یا وقت کے معنی دے۔
مثالیں
باغ، مسجد، اسکول، صبح، شام، آج، کل وغیرہ۔
اسم آلہ
اُس اسم کو کہتے ہیں جو کسی آلہ یا ہتھیار کا نام ہو۔
مثالیں
گھڑی، تلوار، چُھری، خنجر، قلم، توپ، چھلنی وغیرہ۔
اسم صوت
وہ اسم جو کسی انسان، حیوان یا بے جان کی آواز دے اسم صوت کہلاتا ہے۔
مثالیں
کُٹ کُٹ (مرغی کی آواز)، چوں چوں (چڑیا کی آواز)، غٹرغوں (کبوتر کی آواز) وغیرہ۔
اسم فاعل
ایسا اسم جو کسی کام کرنے والے کو ظاہر کرے اسم فاعل کہلاتا ہے۔
مثالیں
لکھنا سے لکھنے والا، پڑھنا سے پڑھنے والا، سننا سے سننے والا وغیرہ۔
اسم مفعول
ایسا اسم جو اُس شخص یا چیز کو ظاہر کرے جس پر کوئی فعل واقع ہوا ہو اسم مفعول کہلاتا ہے۔
مثالیں
دیکھنا سے دیکھا ہوا، سونا سے سویا ہوا، رونا سے رویا ہوا، پڑھنا سے پڑھا ہوا، سننا سے سنا ہوا وغیرہ۔
اسم استفہام
اسم استفہام اُس اسم کو کہتے ہیں جس میں کچھ سوال کرنے یا معلوم کرنے کے معنی پائے جائیں۔
مثالیں
کون، کب، کہاں، کیسے۔