Urdu Grammar Part III: A Key Study Resource

فاعل اور اسم فاعل میں فرق

1- فاعل

فاعل ہمیشہ جامد اور کسی کام کرنے والے کا نام ہوتا ہے۔

مثالیں: حامد نے اخبار پڑھا، عرفان نے خط لکھا، امجد نے کھانا کھایا۔ ان جملوں میں حامد، عرفان اور امجد فاعل ہیں۔

2- اسم فاعل

اسم فاعل ہمیشہ یا تو مصدر سے بنا ہوتا ہے۔

مثالیں: لکھنا سے لکھنے والا، پڑھنا سے پڑھنے والا، کھانا سے کھانے والا، سونا سے سونے والا۔

یا پھر اس کے ساتھ کوئی فاعلی علامت پائی جاتی ہے، مثلاً پہرہ دار، باغبان، کارساز وغیرہ۔

اسم مفعول

ایسا اسم جو اُس شخص یا چیز کو ظاہر کرے جس پر کوئی فعل (کام) واقع ہوا ہو اسم مفعول کہلاتا ہے۔

مثالیں: دیکھنا سے دیکھا ہوا، سونا سے سویا ہوا، رونا سے رویا ہوا، جاگنا سے جاگا ہوا، پڑھنا سے پڑھا ہوا، سننا سے سنا ہوا وغیرہ۔

جملوں میں اسم مفعول: اللہ مظلوم کی مدد کرتا ہے، وقت پر بویا گیا بیج آخر پھل دیتا ہے، رکھی ہوئی چیز کام آجاتی ہے۔ ان جملوں میں مظلوم، بویا ہوا، رکھی ہوئی اسم مفعول ہیں۔

عربی کے اسم مفعول

عربی میں جو الفاظ مفعول کے وزن پر آتے ہیں، اسم مفعول کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔

مثالیں: مظلوم، مقتول، مخلوق، مقروض، مدفون وغیرہ۔

اسم مفعول کی اقسام

1- اسم مفعول قیاسی

ایسا اسم جو قاعدے کے مطابق مصدر سے بنا ہو اسم مفعول قیاسی کہلاتا ہے۔

مثالیں: کھانا سے کھایا ہوا، سونا سے سویا ہوا، جاگنا سے جاگا ہوا، رکھنا سے رکھا ہوا، پڑھنا سے پڑھا ہوا، وغیرہ۔

2- اسم مفعول سماعی

ایسا اسم جو مصدر سے کسی قاعدے کے مطابق نہ بنے بلکہ اہلِ زبان سے سننے میں آیا ہو اُسے اسم مفعول سماعی کہتے ہیں۔

مثالیں: دل جلا، دم کٹا، بیاہتا، مظلوم وغیرہ۔

فارسی کے اسم مفعول سماعی

مثالیں: دیدہ (دیکھا ہوا)، شنیدہ (سنا ہوا)، آموختہ (سیکھا ہوا) وغیرہ۔

عربی کے اسم مفعول سماعی

مثالیں: مفعول کے وزن پر، مقتول، مظلوم، مکتوب، محکوم، مخلوق وغیرہ۔

مفعول اور اسم مفعول میں فرق

1- مفعول

مفعول ہمیشہ جامد ہوتا ہے اور اُس چیز کا نام ہوتا ہے جس پر کوئی فعل (کام) واقع ہوا ہو۔

مثالیں: عرفان نے اخبار پڑھا، فصیح نے خط لکھا، ثاقب نے کتاب پڑھی۔ ان جملوں میں اخبار، خط اور کتاب مفعول ہیں۔

2- اسم مفعول

اسم مفعول ہمیشہ قاعدے کے مطابق مصدر سے بنا ہوتا ہے۔

مثالیں: سونا سے سویا ہوا، کھانا سے کھایا ہوا، پڑھنا سے پڑھا ہوا وغیرہ۔

عربی میں مفعول کے وزن پر آتا ہے: مظلوم، مخلوق، مکتوب وغیرہ۔

فارسی مصدر سے بنتا ہے جیسے شنیدن سے شنیدہ، آموخت سے آموختہ وغیرہ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post
© AMURCHEM.COM | NASA ACADEMY